Thursday, 27 May 2021

hijr

ہجر

کہا کرتے تھے تم مجھ سے
محبت دائمی ہے جاں
کبھی مرتی نہیں ہے یہ
کوئی بھی روپ دھارے یہ
ہمیشہ سنگ رہتی ہے
محبت آس ہوتی ہے
شبِ تاریک میں اکثر
نویدِ صبح لاتی ہے
محبت ایک خوشبو ہے
یہ اپنے سحر میں ہم کو
ہمیشہ قید رکھتی ہے
محبت راگ جیسی ہے
کسی نغمے کی صورت میں
لبوں پہ رقص کرتی ہے
محبت ابر جیسی ہے
کسی بنجر زمیں پہ جب برستی ہے
بہاریں لوٹ آتی ہیں
کہا تو سچ ہی تھا تم نے
محبت ابر ہے جاناں
مگر اسکی طبیعت میں بہت ہی بے قراری ہے
یہ اک جا ٹک نہیں سکتی
جہاں پہ یہ برستی ہے
بہاریں لوٹ آتیں ہیں
کہا تو سچ ہی تھا تم نے
مگر پھر وقت کی گرمی نمی کو چوس لیتی ہے
محبت بھاپ بن کر اڑنے لگتی ہے
نئے بادل بناتی ہے
ہوا کے رخ بدلتے ہیں
نئے جذبے پنپتے ہیں
یہ ہجرت کرنے لگتی ہے
کسی دوجے کی چاہت میں
مگر جس جا سے جاتی ہے
وہاں پودوں کی شاخوں پر خزائیں لوٹ آتی ہیں
زمینیں خشک ہوتی ہیں
دراڑیں پڑنے لگتی ہیں
تمنا کے گلابوں پر نزع کی کیفیت بے رحم پنجوں سے مسلّط ہونے لگتی ہے
سبھی خوش رنگ امّیدوں کی ڈوریں ٹوٹ جاتی ہیں
لبوں پہ رقص کرتے راگ سارے بھول جاتے ہیں
وفا کے نام پہ قسمیں یہ سارے عہد اور پیماں
کسی شیشے کی صورت میں چٹخ کے ٹوٹ جاتے ہیں
دیے تھے ہاتھ جو ہاتھوں میں آخر چھوٹ جاتے ہیں
شبنم فردوس

Labels: , ,

0 Comments:

Post a Comment

Subscribe to Post Comments [Atom]

<< Home